اسلام آباد،عوام 2018 ء میں ایک بار پھر ووٹ دے کر نواز شریف کو صادق اور امین ثابت کریں گے ،طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے
کہ جنکی زر ضمانت عوام نے ضبط کرلی تھیں انکو ضمانتیں دینے سے کوئی فرق
نہیں پڑے گا فیصلہ تو پاکستان کی عوام کو کرنا ہے،نواز شریف دو ہزار اٹھارہ
کے انتخابات میں عمران خان کی ضمانتیں ضبط کر دیں گے۔
احتساب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے
طلال چوہدری نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ نواز شریف کے مخالفین
کو اہلیت سے متعلق کتنے سرٹیفیکیٹ دیئے جارہے ہیں، آخری فیصلہ پاکستان کے
عوام کا ہو گا اور یہ فیصلہ 2018 ء کے انتخابات میں سامنے آئے گا اور اس
وقت ہر کوئی دیکھے گا کہ کون صادق اور امین ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ 2018 ء کے انتخابات میں لوگ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دے
کر ایک بار پھر نواز شریف پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے، 2013 ء
میں لوگوں نے نواز شریف کو وزیر اعظم منتخب کیا اور اب 2018 ء میں ایک بار
پھر ووٹ دے کر نواز شریف کو صادق اور امین ثابت کریں گے۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ جن کے بچوں کی شناخت ڈی این اے سے ہو انہیں
صادق اور امین کا سرٹیفیکیٹ دینا سمجھ سے بالاتر ہے،اچھا ہوا نواز شریف کو
ایسا صادق اور امین کا سرٹیفیکیٹ نہیں ملا۔