کوئٹہ،وادی کوئٹہ میں بارش اور ہلکی برف باری
وادی کوئٹہ اور گردونواح میں صبح سویرے بارش اور ہلکی برف باری ہوئی جس سے
شہریوں کے چہرے خوشی سےکھل اٹھے،محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں مطلع
جزوی طور پر ابر آلود ہے، تاہم صبح سویرے کوئٹہ اور اس کےپہاڑوں پر بارش
اور ہلکی برف باری ہوئی ہے۔
بارش سے شہر کی سڑکیں بھیگ گئی ہیں جبکہ وادی کے پہاڑوں پر برف پڑنے سے
ہلکی سفیدی چھائی ہے، بارش اور برف باری سے سردی میں اضافہ ہوا ہے اور کم
سے کم درجہ حرارت منفی 3 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پورٹ کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کوئٹہ ڈویژن میں
بارش اور پہاڑوں پرمزید برف باری کا امکان ہے،جس کے بعد سردی کی شدت میں
مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد ، راولپنڈی ،گوجرانوالہ، سمیت مالاکنڈ،
ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، کوئٹہ ، ژوب ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور
کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری
کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، رات
اور صبح کے اوقات میں پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید
دھند پڑنے کا امکان ہے۔
اس موقع پر زرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک نوجوان
محمد عاصم نے کہا کہ صبح نماز کے لئے اٹھے تو برفباری کا پتہ چلا پھر سیر
کرنے کے لئے میدان میں آئے تو یہاں ہلکی ہلکی برفباری ہوئی تھی،ہم سب اس
برفباری کو انجوائے کر رہے ہیں۔