Jan 05, 2018 07:48 pm
views : 628
Location : Governor House
Karachi- Governor Sindh Muhammad Zubair meets KUJ Delegation
کراچی ، پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے، گورنر سندھ
کراچی میں گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ محمد زبیر سے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں صدر حسن عباس ، جنرل سیکریٹر ی واجد رضا اصفہانی ، غلام اکبر جعفری
، عمران ذاکر ، لبنیٰ جرار ، اسحاق بلوچ، ناصر شریف،مظہر عباس جے آر،غلام
مصطفی عزیز،محمد عظیم، اور منصور ساحر سمیت دیگر بھی شامل تھے۔
ملاقات میں صحافیوں کو درپیش مشکلات ، حائل رکاوٹوں ، جمہوریت کے استحکام
میں صحافتی کردار اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا
گیا۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ صحافت ریاست کا
چوتھا ستون اور معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمہ کے لئے حکومت کی معاون ثابت
ہورہی ہے ، ملک میں جمہوریت کے قیام اور تسلسل کے لئے صحافت کے کردار کو
فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ، جمہوریت پسند افراد صحافتی قربانیوں کو قدر
کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی حاصل ہے اس ضمن
میں صوبہ میں معلومات تک رسائی کا قانون بھی منظور ہو چکا ہے تاکہ صحافی
اپنا کام بخوبی احسن طریقہ سے انجام دے سکیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ صحافیوں کی راہ حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات کے حل
کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے اس ضمن میں صحافیوں کے تحفظ کو بھی
یقینی بنایا جا ئے گا ، صحافت سے وابستہ افراد فلاحی معاشرہ کی تشکیل با
الخصوص معاشرہ میں عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ میں اہم ثابت ہورہے ہیں۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے مزید کہا کہ صوبہ کی تعمیرو ترقی کے لئے تشکیل
دیئے جانے والے منصوبوں کی نگرانی میں صحافت اہم کردار ادا کرسکتی ہے اس
طرح منصوبوں کی شفافیت کو بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے ، عوامی فنڈ ز کی
منصفانہ تقسیم کے لئے حکومتی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات کی موئثر
نگرانی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس میں جمہوری روایات
خوش آئند ہے جس سے صحافت میں آنے والے نوجوانوں کو اپنی بھرپور صلاحیتوں کا
لوہا منوانے کا موقع ملتا ہے ، مضبوط جمہوری روایات صحافت کے پیشہ سے
منسلک افراد کے مسائل کے حل میں اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
گورنر سندھ نے صحافیوں کے علاج معالجہ اور انڈومنٹ فنڈ میں اضافہ کے مسئلہ
پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔