کراچی،معروف شیف زبیدہ آپا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
معروف مصنف ، اداکار انور مقصور اور رائٹر فاطمہ ثریا بجیہ کی چھوٹی ہمشیرہ
ماہرامورخانہ داری اورمعروف شیف زبیدہ طارق المعروف زبیدہ آپا کو نماز
جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
نماز جنازہ کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں ادا کی گئی جس میں شوبز سمیت دیگر شعبہ زندگی سے وابستہ نامور شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی آرٹس
کونسل کے صدر احمد شاہ نے کہا کہ زبیدہ آپا ایک گھریلوخاتون تھیں زبیدہ آپا
نے ریڈیو شو سے اپنے کیریئر کا آغاز کیااور بر صغیر میں کسی شیف نے انا
نام نہیں کمایا،آج لاکھوں لوگ اداس ہیں کہ عہد کی اہم شخصیت ہم سے جدا
ہوگئی۔
معروف موسیقار ارشد محمود نے کہا کہ زبیدہ آپا سے بہت کچھ سیکھا ہے انکا خلا کبھی پر نہیں ہو سکتا،وہ اپنی نوعیت کی خاص شخصیت تھیں۔
مشہور کرکٹ کمنٹیٹر چشتی مجاہد نے کہا کہ زبیدہ آپا سے تعلقات ایک خاندان
جیسے تھے اگرزبیدہ آپا جیسی کچھ اور عورتیں پاکستان میں پیدا ہو جائیں تو
ہماری قسمت سنور سکتی ہے۔
یاد رہے کہ زبیدہ آپا جمعرات کی شب کراچی میں انتقال کرگئیں، انہیں طبیعت
ناساز ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا تاہم حرکت قلب بند ہونے کے باعث وہ
جانبرنہ ہوسکیں۔