سیالکوٹ ، پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑرہا ہے، شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہےکہ کوئی مانے نہ مانے، پاکستان دہشت
گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑرہا ہے اور اس میں جو کامیابی پاکستان نے
حاصل کی وہ دنیا کا کوئی ملک نہیں کرسکتا۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے
وزیراعظم نے کہا کہ جو پچھلے چار پانچ سال میں ہوا وہ کسی معجزے سے کم
نہیں، نواز شریف کا جو وژن تھا اس پر عملدرآمدکیا گیا۔ جس قسم کے ہمارے
سیاسی حالات ہیں اور جو سیاسی ریکارڈ رہا، پاکستان میں حکومت کرنا بہت مشکل
کام ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ ملک تھا جہاں جمعہ کی نماز میں
لوگ خوف میں مبتلا ہوتے تھے لیکن ہم نے بڑی قربانیاں دے کر دہشت گردی کے
ناسور کو ختم کیا، آج امن و امان موجود ہے، کراچی دنیا کے پانچ خطرناک
شہروں میں تھا لیکن آج شہر امن کا گہوارا ہے، تمام سیاسی لوگوں، حکومت اور
فوج نے مل کر کوشش کی اور اس کے اثرات سامنے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوئی مانے نہ مانے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے
بڑی جنگ لڑرہا ہے، اس میں جو کامیابی پاکستان نے حاصل کی وہ کوئی نہیں
کرسکتا، افغانستان میں ڈھائی لاکھ بیرونی فوج آئی اور کچھ نہ کرسکی لیکن
ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور ملک سے نکال باہر پھینکا۔
شاہد خاقان عباسینے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ تھا، جب حکومت آئی
تو بہت بڑا چیلنج تھا، ہمیں خود شک گزرتا تھا کہ اتنا بڑا چیلنج کیسے پورا
کریں گے لیکن اسے پورا کرلیا گیا، آج ملک میں بجلی زیادہ ہے اور گیس بھی
زیادہ ہے، اب کوئی بھی حکومت آئے ان کے لیے چینجز آسان ہیں، ہم نے پندرہ
سال کے لیے کام کردیا ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبائی حقوق
کو واضح کردیاہے، مشترکہ مفادات کونسل میں بجلی اور گیس کی قیمت کے
معاملات بھی طے ہوجائیں گے۔