اسلام آباد ، زینب کے واقعے پر ساری قوم صدمے میں ہے،عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قصور میں پولیس کی جانب سے
مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری
کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ زینب کے واقعے پر
ساری قوم صدمے میں ہے اور یہ دکھ ان کا ہی نہیں جن کی بیٹی تھی بلکہ پورے
پاکستان کا ہے۔غم و غصے کا اظہار کرنے والے مظاہرین پر پنجاب پولیس نے
گولیاں چلائی ہیں جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ کیا یہ لوگوں کی محافظ پولیس ہے یا یہ قاتل
بنائے ہوئے ہیں جنہوں نے ماڈل ٹاؤن میں ساری قوم کے سامنے لوگوں کو قتل
کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اس وقت تک ٹھیک نہیں ہوگی جب تک اسے غیر
سیاسی نہیں کیا جائے گا۔
چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ 4 سالوں میں کے پی کے
میں کئی مظاہرے ہوئے ہیں لیکن وہاں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا جس کی
وجہ پروفیشنل پولیس کا ہونا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ شریفوں نے پنجاب پولیس کو تباہ کردیا ہے اور وقت
آگیا ہے کہ پنجاب کے لوگ پیشہ وارانہ پولیس کا مطالبہ کریں۔