Jan 11, 2018 05:09 pm
views : 601
Location : CM Secretariat
Lahore- CM Punjab Shahbaz Sharif chairs meeting regarding Law & Order
لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق اجلاس میں قصور میں پیش آنے والے افسوسناک
واقعات کے بارے میں ابتدائی رپورٹس پیش کی گئیں۔اجلاس میں مقتول بچی زینب
اور فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 2 افراد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی
کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے زیادتی کے بعد کمسن بچی کے قتل اور فائرنگ سے 2 افراد
کے جاں بحق ہونے کے واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا ۔
ملزم کی نشاندہی میں مدد فراہم کرنے والے کے لئے ایک کروڑ روپے نقد انعام
کا اعلان بھی کیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیس کا چالان 24 گھنٹے میں
پیش کیا جائے گا۔زیادتی کے بعد بچی کو قتل کرنے والے ملزم کو جلد سے جلد
گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے
والے 2 افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا چالان پیش کرنے میں کوئی تاخیر
برداشت نہیں کروں گا۔ درندہ صفت ملزم قانون کے آہنی ہاتھوں سے نہیں بچ پائے
گا۔دونوں افراد کے لواحقین کو 30، 30 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔جاں
بحق افراد کے لواحقین میں سے 2 ا فرد کو ملازمت بھی دی جائے گی۔
محمد شہبازشریف نے کہاپولیس اہلکاروں کی جانب سے سیدھی فائرنگ کا کوئی جواز
نہیں بنتا۔نہتے لوگوں پر گولی چلا کر ظلم کیا گیا۔ شہبازشریف
پولیس کے ضروری حفاظتی انتظامات کہاں تھے؟میں نے گزشتہ صبح خود میٹنگ لے کر
ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس کے باوجود نہتے لوگوں پر فائرنگ کرکے بدترین
غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد زشہباز شر یف نے متعلقہ پولیس حکام کی سرزنش بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا بروقت ضروری انتظامات کئے جاتے تو صورتحال یہ نہ
ہوتی۔ معصوم زینب کے کیس میں انصاف کا ہر تقاضا پورا کیا جائے گا۔ ان
کیمروں کو اینٹی گریٹڈ کمانڈ کنٹرول اینڈ کمیونیکشن سنٹر سے منسلک کیا جائے
گا۔
قصور کے علاقوں میں فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ہدایت بھی کی
گئی۔وزیراعلیٰ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی ابو بکر
خدا بخش کو قصور میں ہی رکنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیر مملکت عثمان ابراہیم، وزیر مملکت حاجی اکرم انصاری، صوبائی
وزراء رانا ثناء اللہ، کرنل (ر) ایوب گادھی، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف
سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ حکام اور اعلیٰ افسران نے شرکت
کی۔
صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ اٹک جبکہ آر پی او شیخوپورہ، ڈی سی قصور اور ڈی پی او قصور سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔