Jan 11, 2018 07:10 pm
views : 678
Location : Zainab Residence
Kasur- CM Punjab Shahbaz Sharif reached the house of seven-year-old Zainab
قصور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قصور میں قتل ہونے والی کمسن بچی زینب کی رہائش گاہ آمد
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف قصور میں قتل ہونے والی کمسن بچی زینب کی رہائش پہنچ گئے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شر یف نے کمسن
بچی زینب کے والد اور غمزدہ خاندان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے بچی کے قتل
کے دلخراش واقعہ پر والد اور غمزدہ خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت بھی کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا اس اندوہناک واقعہ کی
جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ آپ کو انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں
بیٹھوں گا۔ انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ انسانیت سوز
واقعہ ہم سب کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔میرا فرض اور ذمہ داری ہے کہ آپ کو فوری
طور پر انصاف دیا جائے۔
محمد شہبازشریف نے کہاجس درندہ صفت ملزم نے یہ ظلم اور زیادتی کی ہے وہ
قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائے گا۔معصوم بچی کے قتل پر ہر
آنکھ اشکبار ہے۔ حکومت آپ کے خاندان کے ساتھ ہے اور کھڑی رہے گی۔آپ کے
خاندان کی ہرممکن مدد کریں گے۔ میرا وعدہ ہے کہ میں آپ کو ہر قیمت پر انصاف
دلاؤں گا۔وزیراعلیٰ نے کمسن بچی زینب کے والد کو گلے لگا کر دلاسہ دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کمسن بچی کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔