قصور، گزشتہ روز پولیس کی فائرنگ سے قتل ہونے والے دو افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
قصور میں زینب کے قتل کے خلاف احتجاج کے دوران فائرنگ سے جاں بحق 2 نوجونواں کی نماز جنازہ قصور کے کالج گراؤنڈ میں ادا کردی گئی۔
قصور میں احتجاج کے دوران پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری شعیب اور
محمد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے،تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے سربراہ
علامہ خادم حسین رضوی نے نماز جنازہ پڑھائی، نماز جنازہ میں ہزاروں کی
تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور اس موقع پر علاقے کی فضا سوگوار رہی،نماز
جنازہ کے بعد دونوں شہریوں کی میتوں کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کرنے کے
لئے لے جایا گیا۔
واضح رہے کہ چھ روز قبل قصور کی رہائشی 7 سالہ زینب کو اغوا کر لیا گیا تھا
جس کے بعد گزشتہ روز پولیس کو زینب کی لاش شہباز خان روڈ پر کچرے کے ڈھیر
سے ملی تھی جسے زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا،اہل علاقہ کو جب واقعے کی
اطلاع ملی تو لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور شہر میں توڑ پھوڑ اور سڑکوں
کو بلاک کر دیا تاہم پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی
فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 2 شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔