اسلام آباد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت میں چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں چین پاکستان
اقتصادی راہداری سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں توانائی کے
شعبے، ایم ون پراجیکٹ، کراچی سرکلر ریلوے سمیت سڑکوں اور ریلوے کے بنیادی
ڈھانچے کی تعمیر اور ملک کے مختلف علاقوں میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام
سے متعلق چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا
جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ
حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سی پیک ،انرجی
سیکٹر ، زیر تعمیر سڑکوں ،ریلوے انفراسٹرکچر ایم ون پروجیکٹ ، کراچی سرکلر
ریلوے اور ملک کے کئی حصوں میں خصوصی اکنامک زونز کے قیام کے حوالے سے
تفصیلی بریفنگ دی گئی،اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں
پر کام کی رفتار تیز کرنے اور اکنامک زونز کی جلد تکمیل کیلئے چینی فریقین
سے راوبط بڑھانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں 21 نومبر 2017ء کو اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ تعاون کمیٹی
کے ساتویں اجلاس کے تناظر میں چین سے اعلیٰ سطحی وفد کے دورے کی تیاریوں کا
بھی جائزہ لیا گیا، سیکرٹری پاور ڈویڑن نے اجلاس کو گوادر میں 300 میگا
واٹ کے منصوبے سمیت بجلی کے شعبے کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا،
گوادر کا بجلی کا منصوبہ گوادر اور ارد گرد کے علاقوں کی بجلی کی ضرورت
پوری کرنے کیلئے لگایا جا رہا ہے۔
اجلاس کو مختلف پیداواری منصوبوں سے بجلی کے حصول کیلئے ٹرانسمیشن لائنوں
کے قیام سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، چیئرمین این ایچ اے نے اجلاس کو رائے
کوٹ، تھاکوٹ روڈ، خضدار، بسیمہ روڈ، ڈیرہ اسماعیل خان، ڑوب روڈ کو بہتر
بنانے اور دیگر منصوبوں سمیت سڑکوں کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں
آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے
کے ساتھ ساتھ چین کے ساتھ مشاورت سے مستقبل کے منصوبوں کیلئے بھی طریقہ
کار وضع کیا جائے تاکہ ان پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی جلد
تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں ترقی
کی نئی راہیں کھلیں گی، اس موقع پروزیر اعظم نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کو ہدایت
کی کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے سلسلے میں صوبائی حکومتوں کیساتھ
رابطے میں رہا جائے تاکہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہوسکے۔