کوئٹہ ، نو منتخب وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا
نو منتخب وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا
لیا، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
بلوچستان اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے لئے آج ووٹنگ ہوئی ، اسمبلی میں
نئے قائد ایوان کے لیے مجموطی طور پر 54 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے عبدالقدوس
بزنجو نے 41 اور سید لیاقت علی نے 13 ووٹ حاصل کیے۔اس طرح عبد القدوس بزنجو
چار سالوں میں تیسرے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے، نو منتخب وزیر اعلیٰ کا تعلق
مسلم لیگ (ق) سے ہے۔ انتخاب کے بعد نو منتخب وزیر اعلیٰ نے اپنے عہدے کا
حلف اٹھایا، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس میں منعقد ہو ئی جبکہ گورنر
بلوچستان محمد خان اچکزئی نے نو منتخب وزیر اعلیٰ سے عہدے کا حلف لیا۔
نومنتخب وزیراعلیٰ کے بعد ان کی 14 رکنی کابینہ سے بھی گورنر بلوچستان نے
حلف لیا،حلف اٹھانے والوں میں طاہرمحمود، سرفرازبگٹی، سرفراز ڈومکی، نواب
چنگیز مری، عبدالماجدابڑو، عاصم کرد، راحت جمالی، اکبر آسکانی، دستگیر
بادینی، عامر رند، جعفرمندوخیل شامل ہیں،اس کے علاوہ منظور کاکڑ، سید محمد
رضا اور پرنس احمد علی نے بھی حلف اٹھایا،عبدالقدوس بزنجو یکم جنوی 1974 کو
بلوچستان کے ضلع آواران کے گاوں شنڈی جھو میں پیدا ہوئے،انہوں نے پہلی بار
2002ء میں پرویز مشرف دور میں صوبائی حلقے پی بی 41 سے کامیابی حاصل کی۔
2013ء کے عام انتخابات میں عبدالقدوس بزنجو نے مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر
انتخاب لڑا اور پاکستان کی انتخابی تاریخ میں سب سے کم یعنی 544 ووٹ لے کر
صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔