پشاور، ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین کا جناح پارک کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
پشاور میں جناح پارک کے سامنے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین نے احتجاجی
مظاہرہ کیا ، مظاہرے میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی جن کا موقف تھا
کہ گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے
پڑے ہیں اور بچوں کی ا سکول کی فیس بھی ادا نہیں ہوئی جس کی وجہ سے خدشہ ہے
کہ ہمارے بچوں کو اسکول سے بدخل کر دیا جائیگا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے
درج تھے، مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔احتجاجی مظاہرے
کے شرکاءِ نے جناح پارک سے خیبر روڈ تک پیدل ریلی بھی نکالی جس کی وجہ سے
ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہو گیا،مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ہماری تین
ماہ سے روکی ہوئی تنخواہیں فوری طور پربحال کی جائیں ورنہ ہمار ا احتجاج
جاری رہے گا۔
اس موقع پرورکرزویلفیئر بورڈ کے رہنما کامل خان نے ذرائع ابلاغ عامہ کے
نمائندوں سے گفتگوکر تے ہوئے کہا کہ حکومت خیبر پختون خوا کی جانب سے ہمیں
وقت پر تنخواہ نہیں ملتی اور2013 سے ہمارے بقایاجات بھی رکے ہوئے ہیں جن کی
بحالی کیلئے آج ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین جمع ہوئے ہیں اور احتجاج کر
رہے ہیں۔
کامل خان نے مزیدکہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری 2012 سے رکی ہوئی پروموشن بھی دی جائے۔
رہنما ورکرز ویلفیئر بورڈ نے مزید کہا کہ بچوں کی اسکالر شپ ، کتابوں اور
یونیفارم کی مدمیں جوفنڈ دیئے جاتے ہیں وہ بھی فراہم کئے جائیں جس کیلئے
پچھلے ڈیڑھ ماہ سے اتھارٹی سے بات کی جارہی ہے مگر ابھی تک کوئی حوصلہ افذا
نتائج برآمد نہیں ہوئے ہیں۔