ڈیووس ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سےبل گیٹس کی ملاقات
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت تعلیم اور صحت سمیت سماجی شعبے میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق ڈیووس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی
سےشریک چیئرمین ملنڈا اینڈ گیٹس فاؤنڈیشن بل گیٹس نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں حکومت کی طرف سے کی گئی
اصلاحات سے عوام اور غریب طبقہ مستفید ہو گا۔شاہدخاقان عباسی نے پولیو
کےخاتمے کیلئے پاکستان کیساتھ تعاون کو سراہا اورملنڈا اینڈ گیٹس فاؤنڈیشن
کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں صحت، تعلیم اور سماجی شعبے میں شراکت داری کے نئے مواقع کے
حوالے سے گفتگوہوئی۔ ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری مواقع
اورکسانوں کی مالیاتی اور ڈیجیٹل انضمام کے ذریعے بہتری کے امور پربھی بات
ہوئی۔
وزیراعظم نے بل گیٹس کونیشنل سیونگز کے تحت 70لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کی
ڈیجیٹلا ئزیشن سے آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل ہونے والے اکاونٹس
میں سے نصف خواتین کے ہیں اور قومی بچت کے تحت اکاؤنٹس پاکستانی کمپنی
کرندازکے تعاون سے ڈیجیٹل کیے جا رہے ہیں۔بل گیٹس نے انسداد پولیو کے لیے
حکومت پاکستان کے اقدامات اور کامیابیوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ
پاکستان سے پولیو کا جلد خاتمہ ہو گا۔
وزیرقومی صحت سائرہ افضل تارڑ ، وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب،
وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی اور اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں
شریک تھے۔