کراچی،وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے بلوچستان کے نئے وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کے اعزاز میں عشائیہ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے بلوچستان کے نئے وزیر اعلیٰ
میر عبدالقدوس بزنجو کے اور انکی کابینہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا
گیا،عشائیے میں شریک چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی آصف زرداری نے بھی شرکت
کی۔
اس موقع پرسابق صدرنے کہا کہ ہم نے ہمیشہ چھوٹے صوبوں کے عوام کے حقوق کی
بات کی ہے،بلوچستان میں جمہوری طریقے سے تبدیلی اچھا اقدام تھا، وزیر اعلیٰ
بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے جمہوری تسلسل کو آگے بڑھایا جس کے لیے وہ
مبارک باد کے مستحق ہیں ۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کی بات کی ہے ،میں نے
اپنے دور صدارت میں حقوق بلوچستان کا آغاز کیا، میں نے این ایف سی ایوارڈ
کے ذریعے بلوچستان کے مالی وسائل میں اضافہ کیا۔ بلوچستان کے عوام باشعور
ہیں لہٰذا آپ اپنے عوام کے شعور سے فائدہ اٹھائیں اور ترقی کرتے جائیں، ہم
آپ کیساتھ ہیں اور ہم بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کو بخوبی جانتے ہیں
اور ہم آپ کے مسائل کو نہ صرف سمجھتے ہیں بلکہ ان کا حل بھی جانتے ہیں ،
ہم نے اپنے دور میں بلوچستان کے عوام کے مسائل حل بھی کیے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم بھائی بھائی ہیں اور دونوں بھائی مل کر ایک دوسرے کے مسائل حل کریں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
مجھے خوشی ہورہی ہے کہ میرے صدر آصف علی زرداری نے میری طرف سے بلوچستان
کے وزیر اعلیٰ اور ان کی کابینہ کو دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی ۔
قبلِ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان
عبدالقدوس بزنجو اور ان کے کابینہ کے اراکین کی وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچنے پر
انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے عوام تاریخی طورپر
ایک ہیں اور ہم ایک دوسرے کی خوشی اور تکلیف میں ساتھ رہتے ہیں۔