Jan 27, 2018 03:48 pm
views : 596
Location : Governor House
Karachi- Governor Sindh plant a sapling at Governor House
کراچی ، گورنر سندھ محمد زبیرنے اسلام آباد یونائیٹڈ کی شجر کاری مہم کے تحت گورنر ہاؤس میں پودا لگایا
کراچی میں گورنر سندھ محمد زبیر نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیم اسلام
آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شجر کاری کے منصوبے کے تحت گورنر ہاؤس میں پودا
لگایا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی اور سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف
احمد بھی موجود تھے۔
ترجمان گور نر ہاؤ س کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کو
روکنے میں درختوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ہمیں تازہ
آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔ شجرکاری کی جانب خصوصاً نوجوان نسل کو راغب کرنا
وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ ماحولیاتی آلودگی کے مسئلہ اور اس ضمن میں
درختوں کی اہمیت سے بہ خوبی آگاہ ہوسکیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن پہلے دو ٹورنامنٹ کے
مقابلہ میں مزید دلچسپ اور سنسنی خیز ثابت ہوگاکیونکہ اس کے کئی مقابلے
پاکستان میں منعقد ہوں گے۔
محمد زبیر نے مزید کہا کہ خصوصاً کراچی میں 25 مارچ کو اس کے انعقاد کے
اعلان سے کراچی کے کرکٹ شائقین بہت زیادہ خوش اور پرجوش ہیں۔ انٹرنیشنل
کرکٹ کونسل پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے پاکستان کی مدد
کرے تاکہ کرکٹ شائقین غیر ملکی ٹیموں کو اپنے ملک میں ایکشن میں دیکھ سکیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام جاری ہے جسے دو مراحل
میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ فائنل سے قبل مکمل ہوجائے گا جبکہ دوسرا
مرحلہ دسمبر 2018 میں تکمیل کو پہنچے گا۔ پی ایس ایل کی ٹیموں میں شامل غیر
ملکی کھلاڑیوں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ پورے سکون کے
ساتھ کرکٹ مقابلوں پر توجہ مرکوز رکھ سکیں۔
گورنر سندھ نے شجر کاری مہم پر اسلام آباد یونائیٹڈ اور علی نقوی کی تعریف
کرتے ہوئے کہا کہ دیگر اداروں کو بھی ان کی تقلید کرنا چاہئیے۔