لاہور، اگر پاناما کا ڈرامہ نہ ہوتا تو جی ڈی پی کی شرح 6.2سے 6.5تک جا سکتی تھی ،احسن اقبال
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف اعلان کر چکے شہباز
شریف 2018میں وزارت عظمیٰ کے امید وار ہونگے ،ان کے نام پر پارٹی میں کسی
کو اعتراض نہیں ، 20 کروڑ عوام کی گاڑی کو کوئی اناڑی کیسے منزل مقصود تک
پہنچا سکتا ہے، اگر پاناما کا ڈرامہ نہ ہوتا تو جی ڈی پی کی شرح 6.2سے
6.5تک جا سکتی تھی ۔
لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر
داخلہ کا کہنا تھا 2013 سے پہلے ملک میں بجلی کا شدید بحران تھا، ملک میں
18 سے 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی اور لوگ موم بتی جلانے پر مجبور تھے،عالمی
جریدے نے لکھا پاکستان پتھر کے دور سے گزر رہا ہے، پاکستان کو بہت سے
چیلنجز کا سامنا ہے، ملک میں دہشتگردی کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر ہوتے
تھے، پاکستان کی معیشت 3 فیصد کے جمود پر پھنسی ہوئی تھی۔
وزیر داخلہ کا مزیدکہنا تھا کہ توانائی پر سول وار کا خطرہ رہا، کراچی میں
امن و امان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی، بلوچستان میں قومی ترانہ پڑھنا
اور قومی پرچم لہرانا ایک جرم ہو گیا تھا، لیکن آج بلوچستان میں ہر طرف
قومی پرچم لہرا رہا ہے،اب دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئی ہے،جو بزنس مین
کراچی چھوڑنا چاہتے تھے، رک گئے ہیں، اب 192 کارخانے کھل گئے ہیں، پاکستان
جہاں کوئی 10 ڈالر لگانے کے لیے تیار نہیں تھا، اب اربوں روپے کی سرمایہ
کاری ہو رہی ہے،اب پاکستان سرمایہ کاری کے لئے پر کشش جگہ بن چکا ہے۔