اسلام آباد ، ہمارا شرم وحیا کا تھوڑا پردہ رہ گیا ہے، اسے رہنے دیں، طلال چوہدری
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ
محمد صفدر کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی، سماعت میں ایون فیلڈپراپرٹیز
سے متعلق نیب کے ضمنی ریفرنس پر اعتراضات اور دلائل سننے کے بعد فیصلہ
محفوظ کرلیا۔نیب ریفرنسز میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف،
ان کی بیٹی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر پیش ہوئے۔
واجد ضیا کے بھتیجے اورفرانزک ایکسپرٹ کے بیانات پر ضمنی ریفرنس دائرکیا
گیا تھا۔العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں دفترخارجہ کے ڈائریکٹرآفاق احمد
کابیان قلم بند کیا گیاجبکہ نیب نے اپنے گواہ وقار احمدکو غیر ضروری قرار
دے کر ترک کر دیا۔
استغاثہ کے گواہ آفاق احمدنے بتایا کہ حمدبن جاسم کے سیکرٹری شیخ حامدبن
عبدالراشد نےپاکستانی سفارتخانےکوخط دیا، جو قطری شہزادے کی طرف سے جے آئی
ٹی کے سربراہ کو لکھا گیا۔جے آئی ٹی نے سیزر میمو تیار کیا جس پر انہوں
نے دستخط کئے۔
خواجہ حارث نے دلائل دیے کہ ضمنی ریفرنس نواز شریف کی ذات کو ہدف بنانے کے لیے داخل کیا گیا، پرانے الزامات دہرائے گئے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ہمارا شرم وحیا کا تھوڑا پردہ رہ
گیا ہے، اسے رہنے دیں، انصاف کریں ہمارے ساتھ، ہمارے ساتھ زیادتی نہ کریں،
ہمیں سنگل آؤٹ نہ کریں، لوگ اٹھائے جائیں یا توہین مذہب کا الزام لگایا
جائے، یہ ساری چالیں تھیں۔
طلال چودھری نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ
ہم چیزوں کو بگاڑنا نہیں چاہتے، سدھارنا چاہتے ہیں، معاملات سدھار نے کا
مطلب یہ نہ لیا جائے کہ یہ ہماری کمزوری ہے۔
وزیر مملکت داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈیل نہ کسی سے کوئی رعایت چاہتے ہیں، ہم
اپنا حق چاہتے ہیں، وہ حق چاہتے ہیں جو 70 سال میں پاکستانیوں کو ان کے ووٹ
کو نہیں ملا، عوام نے جسے ووٹ دیا تو کسی کو پھانسی چڑھا دیا کسی کا سیاسی
قتل کیا گیا۔
طلال چودھری نے کہا کہ نواز شریف کا سیاسی قتل کیا گیا ہے، نقصان پہلے بھی
پاکستان کا ہوا اور اب بھی، نوازشریف کی عزت اور شہرت میں تو اضافہ ہوا ہے،
یہ چھوڑ دیں کہ نوازشریف جلسہ کرے تو ایک ضمنی ریفرنس فائل کردیں۔