مردان،شہر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام،بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد
مردان میں خفیہ اطلاع پر مردان پولیس ، سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کے
اہلکاروں نے عبدالولی خان یونیورسٹی شنکر کیمپس کے عقب میں مشترکہ کارروائی
کے دوران زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر 02 عدد خود کش جیکیٹ ،02 عدد ہینڈ
گرینیڈ ،04 عدد الیکٹرک ڈیٹونیٹر ، 02عدد بیٹری اور ایک عدد پستول برآمد کی
گئی۔
انٹیلجنس ذرائع کے مطابق متذکرہ مواد مردان میں کسی اہم مقام پر دہشت گردی
کی غرض سے استعمال ہونا تھا۔ کارروائی حساس اداروں کیساتھ ضلعی پولیس کی
بہترین ربط اور دہشت گردی کی روک تھام کیلئے مربوط حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
پولیس کے مطابق ایک اور کارروائی کے نتیجے میں سلیم خان نہر علاقہ تھانہ
ساڑو شاہ سے مقامی پولیس نے بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیے جس میں
05عدد راکٹ لانچر گولے ،70عدد ہینڈ گرینیڈ اور27عدد 81ایم ایم مارٹر گولے
شامل ہیں۔مذکورہ علاقے میں حساس اداروں کے تعاون سے سرچ آپریشن کئے گئے ہیں
اور اس سلسلہ میں مزید تفصیلات جلد جاری کیے جائینگے۔
یاد رہے کہ ضلع مردان میں سال 2016میں کل 16دہشت گردی کے واقعات رونما ہو چکے ہیں جس میں تین خود کش حملے بھی شامل ہیں
جس کے برعکس سال 2017میں دہشت گردی کے واقعات میں 100%کمی آئی ہیں اور دہشت
گردی ، ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری جیسے واقعات رونما نہیں ہوئے ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق سال 2018میں انشاء اللہ ملک دشمن عناصر کیساتھ آہنی
ہاتھوں سے نمٹا جائیگا اور اسی قسم کی کاروائیاں جاری رہے گی۔