لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل کی ملاقات
لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملاقات کی۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا
خود مختار اور خوشحال پاکستان کی منزل کا حصول ہمارا مشن ہے۔حکومت کی ٹھوس
معاشی پالیسیوں کے باعث معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔معیشت کو مضبوط
بنانے کے حوالے سے حکومت نے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔
محمد شہباز شریف نے کہا ورثے میں ملنے والی بیمار معیشت کی بحالی پاکستان
مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا عظیم کارنامہ ہے۔حکومت کی موثر ترقیاتی حکمت عملی
کے باعث معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملاہے۔سرمایہ کاری بڑھنے سے
روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور
خوشحالی کاعظیم الشان منصوبہ ہے۔سی پیک کے تحت پاکستان بھر میں بہت سے
منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔دنیا پاکستان میں منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل پر
حیران ہے۔چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ حقیقی معنوں میں ایک گیم
چینجر ثابت ہواہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا سی پیک نے پاکستان میں غیرملکی
سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں۔سی پیک کے عظیم الشان سرمایہ کاری
پیکیج پر چین کے صدر، وزیراعظم اور چینی عوام کے شکرگزار ہیں۔سی پیک عظیم
دوست چین کا ایسا عظیم تحفہ ہے جسے پاکستان کے عوام کبھی فراموش نہیں کر
سکتے۔ سی پیک کے تحت ہونے والی سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے عوام کے
باہمی روابط بھی بڑھے ہیں۔سی پیک کے منصوبے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے۔
سی پیک ایک اٹل حقیقت بن چکا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب
شہبازشریف نے صوبے کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں۔پنجاب کی ترقی سب
کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے۔شہبازشریف نے انتھک محنت اورمثالی اقدامات سے
صوبے کو بدل کررکھ دیا ہے۔