اسلام آباد،خیبر پختونخوا حکومت اور روس کی کمپنی کے مابین تیل ریفائنری کا معاہدہ ہو گیا
خیبر پختونخوا حکومت اور روس کی کمپنی کے مابین تیل ریفائنری کا معاہدہ ہو
گیا ہے،کے پی حکومت ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں روسی کمپنی اور خیبر پختون
خوا حکومت کے درمیان کوہاٹ میں 20 ہزار گیلن کی آئل ریفائنری لگانے کیلئے
مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔
وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ روسی کمپنی بیس ہزار گیلن تیل صاف کرنے کا منصوبہ شروع کرے گی۔
وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا ہمارے معاہدوں کو وفاقی حکومت این
اوسی نہیں دے رہی، خیبرپختونخوا میں پانی سے سستی بجلی بنا رہے ہیں جو
وفاقی حکومت نہیں خرید رہی۔ انہوں نے کہا ہمیں بجلی کا ریٹ سوا 4 روپے فی
یونٹ ملنا چاہیے، تاریخ میں پہلی بار صوبے کو منافع میں 10 فیصد ملے گا،
پاکستان کی تاریخ میں کسی صوبے نے ایسا کام نہیں کیا۔ پرویز خٹک کا کہنا
تھا روسی کمپنی کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، اگر ہم کمیشن لیتے تو کمپنی
سرمایہ کاری نہیں کرتی، صوبے میں شفاف نظام ہے کرپشن کا کوئی عنصر نہیں ہے،
وفاقی حکومت ہائیڈل کی بجلی کا مسئلہ حل کرے۔
دستخط کی تقریب سے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ
شہباز شریف کو ہر چیز کے لیے اجازت مل جاتی ہے لیکن جس میں پاکستان کا
فائدہ ہے اس کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، انہوں نے کہا ہماری بجلی بنگلا
دیش اور بھارت سے زیادہ مہنگی ہے۔
شہباز شریف نے چیلنج کیا کہ خیبرپختونخوا نے ایک میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے
تو بتائیں، خیبر پختونخوا میں 78 میگاواٹ بجلی تیار ہے جبکہ 4 ہزار میگا
واٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے، وفاقی حکومت بجلی سسٹم میں شامل کر رہی ہے
اور نہ ہی خرید رہی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ یہ کس قسم کے پاکستانی ہیں جو ملک کو مقروض کر
رہے ہیں، پانی سے پیدا ہونے والی بجلی میں تاخیر پیدا کی جا رہی ہے، ان سب
چیزوں کا مقصد کمیشن اور کرپشن ہے، کوئلے کے پاور پلانٹ ماحولیاتی آلودگی
میں اضافہ کے باعث ہیں، مستقبل میں پاکستان میں آلودگی کا مسئلہ آنے والا
ہے۔