ڈیرہ اسماعیل خان،اسلام آباد دھرنے کے شرکا سے اظہار یکجہتی کے لئے قافلہ اسلام آباد روانہ
کراچی میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے کے ذریعے سابق ایس ایس پی راؤ انوارکے
ہاتھوں شہید ہونے والے نقیب اللہ محسود کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کے لئے
اسلام آباد میں دھرنے کا انعقاد، ڈیرہ اسماعیل خان سے سینکڑوں افراد پر
مشتمل قافلہ آج اسلام آباد روانہ ہو گیا۔
قافلے میں شامل افراد نے ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اور بینر اٹھا رکھے تھے جن
پر نقیب اللہ محسود کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے مطالبے درج تھے۔
اسلام آباد دھرنے کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان سے روانہ ہونے والے قافلے کے
شرکائکا کہنا تھا کہ احتجاجی دھرنے کا مقصد حکومت وقت کو اس بات پر مجبور
کرنا ہے کہ وہ پولیس کی وردی میں چھپے قاتل ، راؤ انوار کو گرفتار کرتے
ہوئے اسے قرار واقعی سزا دے تا کہ نا صرف نقیب اللہ محسود کے اہل خانہ کو
انصاف میسر آ سکے بلکہ آئندہ کسی کو اس طرح کے بہیمانہ اقدامات اقدامات کے
ذریعے کسی معصوم شہری کی جان لینے کی جرات ہو سکے۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے قافلے میں شریک
ایک شخص کا کہنا تھا کہ پشتون بیلٹ کے لوگ اکٹھے ہوکر اسلام آباد دھرنے کے
شرکا سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد جا رہے ہیں،تمام پختونوں کے مشکور
ہیں جو اس موقع پر اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔