اسلام آباد،نیشنل پریس کلب کے باہر پختون قومی جرگے کا ساتواں روز
کراچی میں پولیس کے ہاتھوں نقیب اللہ محسود سمیت چار افراد کے ماورائے
عدالت قتل کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پختون قومی جرگہ کا
احتجاج ساتویں روز بھی جاری رہا، نیشنل پریس کلب کے باہر لگائے گئے احتجاجی
کیمپ میں ملک بھر سے یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے آنے والے پختون وفود کی
آمد کا سلسلہ جاری رہا۔
احتجاج میں تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے پختون پارلیمنٹرین نے
شرکت کرکے یکجہتی کا اظہار کیا اور آل پختون قومی جرگہ کے اس موقف کی تائید
کی کہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت ماورائے عدالت قتل کے مرتکب تمام
پولیس اہلکاروں کو سزا ملنے تک احتجاج جاری رہے گا۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے
رہنما اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ ثابت کردیا ہے کہ کہ قبائلی عوام
محب وطن اور پر امن ہے نقیب اللہ کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
ایڈووکیٹ شیر پاؤ کا کہنا تھا کہ ہم راؤ انوار کی گرفتاری اور قانون کے تحت سزا چاہتے ہیں۔