لاہور ،فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی
فیفا ورلڈ کپ ٹرافی تھائی لینڈ سے خصوصی طیارے کے ذریعےپاکستان پہنچ گئی جسکی تقریب رونمائی لاہور میں ہوئی۔
فیفا اور پاکستانی نمائندوں کے وفد نے فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ آج
تقریباً دن 11 بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پرلینڈ
کیا،پاکستانی وفد میں سابق کرکٹ کپتان یونس خان، گلوکارہ مومنہ مستحسن ،
قرہ العین بلوچ ، اداکارہ مایا علی اور دیگر پاکستانی شامل ہیں۔
فرانس کے سابق فٹبالر کرسٹیئن کیرمبیو اور فیفا کے دیگر نمائندے فٹ بال کی عالمی تنظیم کے وفد بھی ٹور کا حصہ ہیں۔
سونے سے بنی خالص ٹرافی کا وزن 6 کلو گرام سے زائد ہے جو 18 قیراط سونے سے
بنائی گئی ہے، اس موقع پر ایک شاندار تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ٹرافی
کی نمائش ہوگی جس کے دوران ملک کی مختلف نامور شخصیات سمیت دیگر افراد شرکت
کریں گے۔
اچھی خبر یہ ہے کہ عام لوگوں کو بھی اس ٹرافی کو دیکھنے اور تصاویر بنانے کا موقع ملے گا۔
فیفا ورلڈ کپ رواں سال جون میں روس میں سجے گا جس کے لیئے ٹرافی 51 ممالک
کا دورہ کر رہی ہے، شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان کے دورے کے بعد 4
فروری کو قازقستان روانہ ہوگی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق کرکٹ کپتان یونس خان کا کہنا تھا
کہ ان کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ وہ اس وفد کا حصہ ہیں جو فیفا ورلڈ کپ
کی ٹرافی پاکستان لائے گا ،میں ہمیشہ فٹبال کا بہت بڑا مداح رہا ہوں اور
فیفا ٹرافی کا پاکستان آنا ایک تاریخی لمحہ ہے ،یونس خان کا کہنا تھا کہ وہ
روس میں شیڈول ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کی سپورٹ کریں گے۔