لاہور،موچی گیٹ باغ میں پیپلز پارٹی کے جلسے کی تیاریاں مکمل
پیپلز پارٹی آج یوم یکجہتی کشمیرکی مناسبت سے لاہور میں پاور شو کر رہی
ہے، موچی گیٹ باغ میں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، پنڈال سج گیا،
جیالوں کا جوش و خروش عروج پر ہے،شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری
جیالوں کا لہو گرمائیں گے، شہر طرف پارٹی ترانوں کی گونج ہے، نئے ترانے نے
بھی لہو گرما دیا۔
موچی گیٹ باغ جلسہ گاہ میں ستر فٹ لمبا، چوبیس فٹ چوڑا اور دس فٹ اونچا
سٹیج تیار کرکے کرسیاں لگا دی گئیں ہیں جبکہ پارٹی قیادت کے قد آور پینا
فلیکسز سے پنڈال کو سجا یا گیا ہےجبکہ ہورڈنگز میں آصف زرداری کو شیروں کا
شکاری، تاج پوش بادشاہ اور پہلوان دکھا کر جیالوں نے اپنے قائد سے محبت کا
منفرد اظہار کیا ہے۔
جلسے کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں،سیف سٹی پراجیکٹ کے 300
سے زائد کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،موچی گیٹ کی جانب آنے والے
تمام راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دئیے گئے شہریوں کو پریشانی سے بچانے
کیلئے ٹریفک کیلئے متبادل روٹس بھی بنا ئے گئے۔
جلسے سے سابق صدر آصف زرداری، خورشید شاہ، اعتزاز احسن اور قمر زمان
کائرہ سمیت پارٹی کے دیگر خطاب کریں گے اور مخالفین پر تنقید کے نشتر
چلائیں گے۔