قصور،قوم نے موقع دیا تو ملک کی لوٹی ہوئی دولت دنیا کے آخری کونے سے واپس لائیں گے، پھر زرداری کو کہیں جگہ نہیں ملے گی،شہباز شریف
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 14 روز تک کی محنت کے بعد زینب کے قاتل کو گرفتار کیا جسے پوری قوم نے سراہا، زینب کی طرح عاصمہ بھی قوم کی بیٹی ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے متاثرین کو کہا ہے کہ جس کسی ذمے دار نے کوتاہی کی ہے تو وہ ان کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں جاکر بتائیں۔
دورہ قصور کے موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر قانون اجازت دے تو 7 سالہ زینب سے زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم کو لاہور یا قصور کے کسی چوک پر لٹکا کر پھانسی کی سزا دی جائے تاکہ پوری دنیا اسے دیکھے۔
شہباز شریف نے صوبہ پنجاب میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ پنجاب فارنزک لیب جنوبی ایشیا کی بہترین لیب ہے جہاں اسکاٹ لینڈ تک سے نمونے بھجوائے گئے ہیں،یہ وہ میدان ہے جہاں ہم ہندوستان کو پچھاڑ رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وہ واحد جماعت ہے، جس نے اس ملک کی صحیح معنوں میں خدمت کی ہے،شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کاش عمران خان نے ساڑھے 4 سال دھرنوں اور لاک ڈاؤن میں ضائع نہ کیے ہوتے اور اگر انہوں نے خیبرپختونخوا میں کام کیا ہوتا تو انہیں آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا،خادم اعلیٰ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ قوم نے موقع دیا تو ملک کی لوٹی ہوئی دولت دنیا کے آخری کونے سے واپس لائیں گے، پھر زرداری کو کہیں جگہ نہیں ملے گی۔