Feb 07, 2018 09:40 pm
views : 553
Location : Central Police Office
Peshawar- IG KPK Salahuddin Mehsud and RPO Mardan Alam Shinwari Press Conference
پشاور، مردان میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی ننھی اسما کا کم عمر سفاک قاتل گرفتار
مردان میں مبینہ زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی ننھی اسما کا کم عمر سفاک
قاتل گرفتار ہوگیا جس نے اپنے گھناؤنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
پشاورمیں واقع سینٹر ل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی
خیبرپختونخوا پولیس صلاح الدین محسود نے بتایا کہ اسما قتل کیس میں ملزم
محمد نبی نے اعتراف جرم کرلیا جس کی عمر 15 سال ہے۔ مردان کی 4 سالہ ننھی
اسما قتل کیس کو 25 روزمیں حل کیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس صلاح الدین محسود نے کہا کہ ملزم محمد نبی
اسما کا پڑوسی ہے جب کہ اس کا دوسرا ساتھی عبد القادر بھی حراست میں لے لیا
گیا جو بچی کا پڑوسی اور رشتہ دار بتایا جاتا ہے۔ بچی پرجنسی تشدد کرنے کی
کوشش کی گئی تاہم بچی نے مزاحمت کی اور مدد کے لیے چیخ و پکار کی تو ملزم
نے اسے گلا دبا کرقتل کردیا۔ گنے کے پتے پرگرے خون کے ایک قطرے سے کیس ٹریس
ہوا۔
آئی جی کا کہنا تھا کہ اسما کے خاندان کو کسی پر بھی شک نہیں تھا، اس رات
گاؤں میں شادی کی تقریب تھی جس میں شرکت کے لئے باہر سے بہت سارے مہمان آئے
تھے، ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے واردات کی جس کے بعد سارا قصہ
اپنے دوست کو بھی بتایا جس نے پولیس کے سامنے ساری حقیقت اگل دی۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پولیس اس ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے
ملک کی پولیس ہے جو دہشت گردی کے خلاف بھی فرنٹ لائن پر ہے۔ کوہاٹ کی عاصمہ
رانی قتل کیس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ لڑکی کے اہلخانہ نے ہم پراعتماد
کیا اور عاصمہ کے کیس میں بھی 2 ملزمان گرفتار ہیں جب کہ آلہ قتل بھی
برآمد کرلیا گیا ہے۔
اس موقع پر آر پی او مردان عالم شنواری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے
کہا کہ تین آئٹم کھیتوں سے حاصل کیے، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق گردن
میں ناخن اور انگلیوں کے نشان تھے۔ مختلف ٹیمیں بنائی گئی کیس حل کرنے کے
لیے، پورے علاقے کی تلاشی لی گئی ، ساڑھے تین سو لوگوں کی تلاشی لی گئی۔
عالم شنواری نے کہا ٹیکنالوجی کا بھی کافی استعمال ہوا، میل ڈی این اے صرف
کرائم سین سے ملا ہے ، جو سیمپل ہمیں ملے تھے وہ ہم نے میچنگ کے لیے بھجوا
دیے ہیں ۔ کل دوپہر کو ہمیں بتایا گیا کہ دو افراد کے خون کے سیمپل مل گئے
ہم نے دونوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مردان کے نواحی علاقے گوجر گڑھی سے بچی اسما گھر سے
باہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئی تھی بعد میں اس کی لاش گھرکے قریب واقع گنے
کے کھیتوں سے ملی تھی اور ابتدائی رپورٹ سے معلوم ہوا کہ بچی کے جسم کے
حساس اعضا پر تشدد کیا گیا، بچی کے جسم سے حاصل کیے گئے دو نمونے پنجاب کی
فرانزک لیبارٹری بھجوائے گئے تھے۔