لودھراں،جہانگیر ترین نے کرپشن نہیں کی سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا سیاستدان ہے،عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کا کہنا ہیکہ ملک پر قابض مافیا کے خلاف 21 سال سے سیاست نہیں، جدوجہد کر رہا ہوں، جہانگیر ترین سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا سیاستد ان ہے، اس کا معاملہ شریفوں اور زرداری جیسا نہیں۔
لودھراں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے نہ منی لانڈرنگ کی اور نہ کرپشن، کاشت کاروں کو پوری قیمت دیتے ہیں،عدالت جو فیصلہ کرے گی ہم قبول کریں گے، ہم یہ نہیں کہیں گے کہ کیوں نکالا۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ شہبازشریف کے دور حکومت میں پولیس نے 870 قتل کیے،عامر باکسر نے بیان دیا ہے کہ وہ شہباز شریف کے کہنے پر قتل کرتا تھا، میں چیف جسٹس سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ماورائے عدالت قتل پر کمیشن بنائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھاکہ حسن شریف600 کروڑ روپے کے گھر میں رہتا ہے، شریف برادران اکیلے چوری نہیں کرتے، اپنے وزیر بھی ملا لیتے ہیں، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف بھی چوری میں ملے ہیں،حکمران چوری کرتے ہیں اور جواب نیب سے مانگتے ہیں،نوازشریف کی باری تو آ چکی، شہباز شریف سن لو، تم ایک فرعون ہو، تمہارا وقت آ گیا ہے،پاناما کیس جے آئی ٹی نے شریف خاندان کو بار بار موقعہ دیا، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو مافیا کا گاڈ فادر کہا۔ مافیا اداروں، ججوں اور سیاستدانوں کو خریدتا ہے تاکہ مال بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آج لودھراں میں ہونے والے جلسے میں خطاب سے روک دیا تھا۔