لاہور،محکمہ داخلہ پنجاب کا تمام شاپنگ مالز اور سٹورز کے چینجنگ رومز کی چیکنگ کا فیصلہ
فیصل آباد میں شاپنگ مال کے چینجنگ روم میں خفیہ کیمروں کے انکشاف کے بعد
محکمہ داخلہ پنجاب متحرک ہو گیا ہے اور اس حوالے سے تمام شاپنگ مالز اور
سٹورز کے چینجنگ رومز کی چیکنگ کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سےفیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں کمیٹیاں
قائم کی جائیں جن میں ضلعی انتظامیہ کا نمائندہ، ڈپٹی کمشنر آفس کا کوئی
افسر، پولیس افسر اور تاجر نمائندہ شامل ہوں گے جبکہ کمیٹیاں اپنے اپنے
علاقے کے تمام شاپنگ مالز، گارمنٹس شاپس اور سٹورز کی چینجنگ رومز کی چیکنگ
کے بعد محکمہ داخلہ کو رپورٹ بھجوائیں گی۔
کمیٹیاں ایک سروے مکمل کرنے کے بعد رپورٹ فراہم کریں گی جس میں یہ بھی
بتایا جائے گا کہ کس کس سٹور یا شاپنگ مالز کی کن کن دکانوں میں چینجنگ
رومز ہیں جبکہ گاہے بگاہے ان دکانوں کی چیکنگ بھی ہوا کرے گی اور محکمہ
داخلہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کسی بھی سٹور یا دکان کے چینجنگ روم میں
کوئی خفیہ کیمرہ نہیں ہےتاہم اگر کسی چینجنگ روم میں خفیہ کیمرہ پایا گیا
تو اس دکان کے مالک کو بھاری جرمانہ ہو گا اور وارننگ لیٹر جاری کیا جائے
گا، جرمانے کے بعد بھی خفیہ کیمرے برآمد ہوئے تو دکان کو مستقل طور پر بند
کر کے مالک کیخلاف مقدمہ درج کروا کر سزا دلوائی جائے گی۔