کوئٹہ ،سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کوہر حال میں کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے،آئی جی بلوچستان
کوئٹہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک سکیورٹی ادارے کے چار شہیدہلاک ہوگئے ہیں ۔
شہید ہونے والے اہلکارعلاقے سے گزرنے والی ریلوے پٹڑی کی چیکنگ کے لئے
معمول کی گشت پر تھے جب صبح پونے 8 بجے کے قریب وہاں پہلے سے موجود ملزمان
نے ان پر اندھا دُھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چاروں اہلکار موقع پر
شہید ہوگئے۔
انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے ذرائع ابلاغ عامہ کے
نمائندوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث
ملزمان کو سکیورٹی ادارے ہر حال میں کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے اور
شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
معظم جاہ انصاری کا کہنا تھا کہ کوئٹہ ریلوے سٹیشن کے قریب مینگل آباد کے
علاقے میں صبح آٹھ بجے کے قریب مسلح افراد نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار ایف
سی یعنی فرنٹیئر کور کے چار اہلکاروں پر فائرنگ کر دی،فائرنگ کے نتیجے میں
چاروں اہلکار ہلاک ہو گئے جن کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ
حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
آئی جی پولیس نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والے اہلکار علاقے سے گزرنے والی
ریلوے لائن کی چیکنگ کی ڈیوٹی پر تعینات تھے، علاقے میں شدت پسندوں کی جانب
سے ریلوے ٹریک پر دھماکہ خیز مواد نصب کرنے کے خدشات کے پیش نظر ٹریک کو
روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتا ہے۔