کراچی،پاکستان اور سعودی بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز کے مابین مشترکہ مشق افعیٰ الساحل کا ہاربر فیز مکمل
پاکستان اور سعودی بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز کے مابین کراچی میں مشترکہ مشق افعیٰ الساحل کا ہاربر فیز مکمل ہوگیا ہے،ہاربر فیز کے دوران سعودی عرب اور پاک بحریہ کے کمانڈوز نے مختلف جنگی آپریشنز کی عملی مشقیں کیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہاربر فیز کے دوران آپریشنل ایریا میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو تباہ کرنے اور رات کی تاریکی میں دشمن کے خلاف کاروائیوں کی مشقیں کی گئیں،مشق افعیٰ الساحل کے دوسرے مرحلے میں پاک بحریہ اور سعودی بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز کھلے سمندر میں دہشت گردی اور قزاقی کے خلاف آپریشنز کی مشقیں کریں گی،افعیٰ الساحل کے ساتھ ساتھ پاک میرینز اور سعودی میرنز کے مابین مشترکہ مشقیں دیرہ الساحل بھی سعودی عرب میں جاری ہیں۔
پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں دونوں ممالک کی میرینز فورسزنے پیشہ ورانہ مہارتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے لینڈنگ کرافٹ کے ذریعے ساحل پر اْترنے کی مشق کی،دیرہ الساحل مشترکہ مشقوں کے دوران سنائپر فائرنگ اور مختلف حربی مشقوں کا بھی مظاہرہ کیا گیا جبکہ پاک بحریہ اوررائل سعودی نیوی فورسز کے مابین مشترکہ مشقوں سے دونوں ممالک کی بحری افواج کی پیشہ ورانہ اور حربی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔