اسلام آباد، ملک کا نام دہشت گردی کی واچ لسٹ میں ڈالا جا رہا ہے اور حکومت ایک کرپٹ کو بچانے میں لگی ہے،عمران خان
پی ٹی آئی کے رہنما عمران خان نے کہا ہے کہ میں سیاسی جہدوجہد کررہا تھا،مجھ پر دہشت گردی کے 6 مقدمات درج کیے گئے،مجھے خصوصی پروٹوکول کی ضرورت نہیں ہے،تمام شہریوں کا ایک ہی مقام ہونا چاہیے، انصاف فراہم کرنا عوام کا کام نہیں، انصاف عدالتیں فراہم کرتی ہیں، میرے خلاف درج تمام مقدمات مضحکہ خیز ہیں،شاہد خاقان عباسی کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں،شریف برادران ایک اور این آر او کے لیے عدلیہ پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت کے باہرذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ علی ترین نے ضمنی انتخاب میں سخت مقابلہ کیا،ایک نوجوان امیدوار نے حکومتی امیدوار کے خلاف 91ہزار ووٹ لیے جبکہ دوسری جانب لوگوں کو قیمے والے نان کھلا کر جلسے کرائیجارہے ہیں،لودھراں کے الیکشن میں پیسے خرچ کیے گئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نواز شریف مغل اعظم ہیں، ایک شخص اربوں روپے ملک سے باہر لے کر جائے اور کیوں نکالا کا ڈراما کرے، عوام کا کام ہے ووٹ دینا اور عدالت کا کام ہے انصاف دینا،اس ملک میں قانون کی بالادستی قائم کریں گے، نواز شریف کو کرپشن میں سزا ہونے کا تمام کرپٹ عناصر کو ڈر ہے،عدلیہ پر این آر او کے ذریعے دباؤ ڈالا جارہا ہے، حکومت ملک کے سب سے بڑے کرپٹ شخص کو بچانے میں لگی ہوئی ہے اور عدلیہ پر این آر او کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
دوران گفتگوایک ہیلی کاپٹر کے گزرنے پر عمران خان نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ہیلی کاپٹر میں میاں صاحب تو نہیں گزر رہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ملک کا نام عالمی دہشت گردی کی واچ لسٹ میں ڈالا جا رہا ہے اور حکومت ایک کرپٹ کو بچانے میں لگی ہے، ملکی خارجہ پالیسی کی کمزوری کی وجہ سے آج یہ صورتحال ہے، کبھی سنا ہے کہ کسی ملک کا وزیرخارجہ کسی اور ملک سے 16 لاکھ روپے تنخواہ لے رہا ہو۔
عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے امیدوار علی ترین نے لودھراں کے ضمنی انتخاب میں سخت مقابلہ کیا اور حکومتی امیدوار کے خلاف 91 ہزار ووٹ لئے۔