Feb 15, 2018 07:53 pm
views : 457
Location : President House
Islamabad- President Mamnoon Hussain meets Pak-Turk Business Forum Delegation
اسلام آباد،صدر مملکت ممنون حسین سے پاکستان ترک بزنس فورم کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد میں صدر مملکت ممنون حسین سے پاکستان ترک بزنس فورم کے وفد نے ایوان صدر میں ملاقات کی ۔
وفد کی قیاد ت ترک سفیر احسان مصطفی یوردا قل نے کی۔اس موقع پر پاکستان اور ترکی کے سرمایہ کاروں کے علاوہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان مواقع کی
سرزمین ہے۔ حکومت پاکستان نے بہترین قانون سازی کے ذریعے ان مواقع کو مزید
بہتر بنا دیا ہے جس سے پوری دنیا کے سرمایہ کار استفادہ کر سکتے ہیں۔ ہمیں
خوشی ہوگی اگر ہمارے عزیز ترین برادر ملک ترکی سے تاجر اور صنعت کار اس سے
فائدہ اٹھائیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات غیر معمولی نوعیت کے ہیں
جن کی مثال خارجہ تعلقات کی دنیا میں ملنا مشکل ہے۔ دونوں برادر ملکوں کے
درمیان مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہونا چاہیے۔ اس
سلسلے میں تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے وفود کے تبادلے ضروری
ہیں۔
صدر مملکت ممنو ن حسین نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخ، ثقافت اور
عقیدے کے مضبوط بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان صنعت و
تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون خوش آئند ہے۔ پاکستان اس سلسلے میں
ہراقدام کا خوش دلی سے خیر مقدم کرے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے شعبوں میں موجود مواقع سے ابھی تک
استفادہ نہیں کیا جاسکا۔ اس لیے ضروری ہے کہ ترک سرمایہ کار توانائی اور
فوڈ پروسیسنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر توجہ دیں۔
صدر مملکت نے اس امر پرمسرّت کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے
والے ترک ادارے پاکستانی انجینئرز اور کارکنوں کی تربیت کا خصوصی اہتمام
کر رہے ہیں اور مزید تربیت کے لیے انھیں ترکی بھیجا جارہا ہے جس کے مفید
نتائج برآمد ہوں گے۔
صدر مملکت نے کہا کہ صحت اور دواسازی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان
تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے دونوں ممالک فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔