کوئٹہ : صحافی برادری کی جانب سے موسم بہار کی آمدپرروایتی تہوار بسنت کا انعقاد
کوئٹہ پریس کلب کی جانب سے موسم بہار کی آمد کی خوشی میں روایتی تہوار بسنت
منائی گئی جس میں شہر بھر کے جونیئر اور سینئر صحافی حضرات اور دیگر
رفقاءِ نے شرکت کی ، بسنت کے موقع پر پتنگ بازی اور بار بی کیو کااہتمام
کیا گیا ، بسنت کے شرکاء ساز و موسیقی سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے ۔
روایتی تہوار بسنت میں موسیقی کے ساتھ رقص نے سماں باندھ دیا جس سے پر
فضامزید خوش گوار ہوگئی ، صحافیوں نے پرس کلب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے
کہا کہ اس طرز کی تفریحی سرگرمیوں سے نہ صرف ذہن تازہ ہوجاتا ہے بلکہ تمام
صحافیوں کو ایک جگہ مل بیٹھنے کابھی موقع ملتا ہے۔
اس موقع پر ایک صحافی سلمان نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کر تے
ہوئے کہا کہ عام دنوں سے ہٹ کر آج ہم نے ا پنی تفریح کے لئے وقت نکالا ہے
جس میں ہم خوب ہلہ گلہ کر رہے ہیں ہمارے ساتھ ہماری فیملی بھی ہے ۔
صحافی نے کہا کہ اس تقریب میں علاقائی رقص بھی پیش کیا جارہا ہے جس سے
صحافی حضرات خوب لطف اندوز ہورہے ہیں ، اس میلے میں ہر عمر اور شعبے کے لوگ
ہیں جوبھرپور انجوائے کر رہے ہیں۔
ایک خاتون صحافی نے کہا کہ ہم سارا دن خبروں کی پتنگیں اُڑاتے ہیں آج اصل
پتنگیں اڑا رہے ہیں جس میں بہت مزہ آرہا ہے ہم اپنے بچوں کو بھی ساتھ لائے
ہیں کیونکہ عام دنوں میں ہمارے پاس اپنی فیملی کیلئے ٹائم نہیں ہوتا۔