اسلام آباد، اب نواز شریف کے خلاف فیصلے کے بعد ہم ریاست کیلئے دعا گو ہیں،کیپٹن صفدر
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ مولوی
تمیزالدین کیس میں انصاف نہ ہونے کے باعث بنگلہ دیش بنا ، اب نواز شریف کے
خلاف فیصلے کے بعد ہم ریاست کیلئے دعا گو ہیں۔
احتساب عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے
پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ یہ جذباتی
فیصلے ہیں، اس طرح کے فیصلے مشرف دور میں بھی ہوتے رہے مگر اس کے باوجود
نواز شریف اکاؤنٹی بلٹی بیورو بن چکا ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ بائیس کروڑ عوام سمجھ چکے ہیں کہ اس ملک کا نجات
دہندہ نواز شریف ہے ، نواز شریف کی وزارت بھی چھنتی رہی اور وہ جلا وطن بھی
ہوتے رہے، نواز شریف کو ہائی جیکر بنا کر اٹک قلعے میں بھی بند کیا
گیا،دیکھتے ہیں مورخ اس فیصلے کو کیا لکھے گا۔
کیپٹن صفدر نے اس موقع پر مولوی تمیزالدین کیس کا حوالہ دیا اور کہا کہ
مولوی تمیزالدین کو انصاف نہیں ملا تو اس کے نتیجے میں بنگلہ دیش بن گیا،
نواز شریف کے خلاف آنے والے فیصلے کے بعد ہم ریاست کیلئے دعا گو ہیں، یہ
جذباتی فیصلے ہیں، اللہ خیرکرے گا۔