لاہور،آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکیدار ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں مبینہ کرپشن پر گرفتار شاہد شفیق کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے بسم اللہ انجینئرنگ
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ملزم شاہد شفیق کو ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ سید
علی جواد نقوی کی عدالت میں پیش کیا، نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ
شاہد شفیق نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا ٹھیکہ لیا
اور کمپنی کی وجہ حکومت کو کروڑوں کا نقصان ہوا۔
نیب نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر ملزم کے وکیل نے اعتراض
اٹھایا کہ ملزم کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ سید علی جواد
نقوی نے ملزم شاہد شفیق کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیا اور نیب کو
ہدایت کی کہ کل 26 فروری کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملزم کے وکیل
سید علی بخاری کا کہنا تھا کہ کہ شاہد شفیق کاروباری شخص ہیں اور انہوں نے
حکومت پنجاب سے کسی قسم کا کوئی پیسہ نہیں لیا،یہ سارا واقعہ میڈیا ٹرائل
ہے جبکہ کمپنیوں نے حکومت سے کوئی پیسہ نہیں لیا۔