سبی،وزیر اعلی ٰ بلوچستان نے سالانہ سبی میلےکا افتتاح کردیا
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سبی کا سالانہ میلہ
مویشیاں بلوچستان کی تہذیب وتاریخ اور تمدن کا گہوارہ ہے ،سبی میلہ عوام
میں روابط قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے سبی میلہ نہ صرف سبی بلکہ
بلوچستان کی معیشت کو استحکام بخشنے کے لیے اہمیت کا حامل ہے ،بلوچستان میں
امن لوٹ آیا ہے ،چند مٹھی بھر عناصر بیرون ممالک بیٹھ کر صوبے کے معصوم
جوانوں کو گمراہ کرتے تھے ان کے عزائم خاک میں مل چکے ہیں،سبی میلہ بھائی
چارئے اور امن کا ایک پیغام ہے جسے دنیا بھر تک پھیلانا ہے سبی میں واٹر
سپلائی اور سیوریج کے لیے ایک ارب20کروڑ جبکہ بندات کی تعمیر کے لیے 30کروڑ
روپے اگلے مالی سال کے بجٹ میں رکھا جائے گا،لہڑی کے عوام کے لیے انٹر
کالج جبکہ سبی میں بہادر خان ویمن یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے گا
،سبی پریس کلب کی تزئین و آرائش کے لیے 20لاکھ روپے کااعلان کرتا ہوں۔
سالانہ سبی میلہ کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے رنگا
رنگ تقاریب سے کیا ،اس موقع پر ہارس اینڈ کیٹل شو ،نیزہ بازی ،گھڑ دوڑ
،فلاور شو ،بینڈ شو ،چاروں صوبوں بشمول کشمیری رقص کے علاوہ جانوروں کی
پریڈ بھی پیش کی گئی۔
سبی کے سالانہ تاریخی میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر
عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہکہ الحمد اللہ سرزمین بلوچستان میں موسم
بہار کی طرح امن لوٹ آیا ہے اور عوام امن و سکون کے ساتھ اپنی زندگی گزار
رہے ہیں وہ دور چلا گیا جب بیرون ممالک میں بیٹھے چند مٹھی بھر عناصر صوبے
کے جوانوں کو چند روپوں کی خاطر گمراہ کرکے انہیں دہشت گردی جیسے ناپاک
عزائم کے لیے استعمال کرتے تھے انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر بلوچستان اور
یہاں کے عوام کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج مجھے بے حد
خوشی ہورہی ہے کہ میں سبی میلے کا افتتاح کررہا ہوں بچپن میں اپنے والد
محترم کے ساتھ سالانہ سبی میلہ ہر سال دیکھنے کے لیے آتا تھا اور آج مجھے
اس میلے کا افتتاح کرنے کا اللہ پاک نے اعزاز بخشا ہے جو میر ئے لیے
انتہائی خوشی کا باعث ہے ۔