Mar 03, 2018 08:30 pm
views : 556
Location : PAF Base, Shahbaz (Jacobabad)
Islamabad- PAF's No 88 Squadron Reequipped with Augusta Helicopters
اسلام آباد ، پاک فضائیہ کے نمبر 88 اسکواڈرن کو آگسٹا ہیلی کاپٹر سے لیس کر دیا گیا
پاک فضائیہ نے نمبر88 سرچ اینڈ ریسکیو اسکواڈرن کو اے ڈبلیو۔139 آگسٹا ہیلی
کاپٹر سے لیس کر کے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔نمبر88 سرچ اینڈ ریسکیو
اسکواڈرن میں اس جدید ٹیکنالوجی کے حامل آگسٹا ہیلی کاپٹر کی شمولیت کے بعد
اس کا نام تبدیل کر کے نمبر 88 کومبیٹ سپورٹ اسکواڈرن اینڈ ایڈوانسڈ ہیلی
کاپٹر ٹریننگ ا سکو ل رکھ دیا گیاہے۔
ترجمان پا ک فضایئہ کے مطابق پاک فضائیہ کے تابناک ماضی کے شایان شان اس
موقع کو یاد گار بنانے کے لیے ایک شاندار تقریب کا اہتمام پی اے ایف بیس
شہباز (جیکب آباد) میں کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے
سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان تھے۔ اس موقع پر ائیر چیف کو چاق و چوبند
دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس تقریب میں ایک ایم آئی 171 اور دو اے
ڈبلیو۔139 ہیلی کاپٹرز کی تھری شپ فارمیشن نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ
بھی پیش کیا۔
ائیر چیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دنیا میں تمام سرچ اینڈ
ریسکیو پلیٹ فارمز کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اے ڈبلیو۔139 کا
انتخاب کیاجو کہ ہماری حربی ضروریات کو بہترین انداز میں پورا کرنے کی
بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔اس جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہیلی کاپٹرکی پاک فضائیہ
میں شمولیت پاک فضائیہ کو جدت پسند ی کی راہ پر گامزن کرنے کے ہمارے غیر
متزلزل عزم کا اعادہ ہے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاک فضائیہ میں موجود ہ ہیلی
کاپٹر وں کے بیڑے میں آگسٹا ہیلی کاپٹر کی شمولیت ایک انتہائی اہم اقدام
ہے۔ پاک فضائیہ کی جنگی استعداد کار کو بڑھانے کے لیے آگسٹا ہیلی کاپٹر
مختلف النوع حربی صلاحیتوں کا حامل ہے۔ پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز کے بیڑے
کی صلاحیتوں کو اکیسویں صدی کے خطوط پر استوار کرنا ناگزیر تھا۔ انہوں نے
مزید کہا کہ الحمد اللہ اب پا ک فضائیہ نے نائٹ اینڈ میری ٹائم سرچ اینڈ
ریسکیو صلاحیت آگسٹا ہیلی کاپٹر کے ذریعے حاصل کر لی ہے۔
آگسٹا ہیلی کاپٹرکی شمولیت اس سکواڈر ن کی آپریشنل استعداد کار کو بڑھانے
میں نمایاں کردار ادا کرے گی جو پہلے ایم آئی ۔171 سے لیس تھا۔ پاک فضائیہ
کے آگسٹا ہیلی کاپٹر کا اوائلی سکواڈرن ہونے کے ناطے یہ نئے پائلٹس کی
تربیت کا کلیدی ادارہ بھی ثابت ہو گا۔
اس تقریب میں اعلی فوجی و سول عہدیداران نے بھی شرکت کی۔