اسلام آباد نواز شریف کی سربراہی میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے غیر رسمی اجلاس
پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ میں اپنا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین لانے کے
لئے کوششیں تیز کردی ہیں جبکہ فاٹا کے ایک نومنتخب آزاد سینیٹر نے بھی (ن)
لیگ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
سینیٹ انتخابات کے بعد اب پیپلزپارٹی کے ساتھ ساتھ چیئرمین اور ڈپٹی
چیئرمین سینیٹ کے لیے مسلم لیگ (ن) کی بھی سرتوڑ کوششیں جاری ہے اس حوالے
سے پارٹی قائد میاں نوازشریف کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس بھی ہو اہے،
اسلام آباد میں چوہدری منیر کے گھر پر ہونے والے غیر رسمی مشاورتی اجلاس
میں مریم اورنگزیب، مصدق ملک اور دیگر پارٹی رہنما شریک ہوئے، اجلاس میں
چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے مشاورت کی گئی جبکہ دونوں
عہدوں کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ
اپوزیشن سے رابطوں کے لیے کمیٹی قائم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب فاٹا سے تعلق رکھنے والے نومنتخب آزاد سینیٹر مرزا محمد
آفریدی نے نوازشریف سے ملاقات کی اور (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا
اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر و مسلم لیگ خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر
مقام بھی موجود تھے۔