Mar 05, 2018 06:47 pm
views : 526
Location : North Arabian Sea
Karachi- Pakistan Navy conducts successful firing of Anti-ship Cruise Missile in the North Arabian Sea
کراچی ، پاک بحریہ کا شمالی بحیرۂ عرب میں اینٹی شپ کروز میزائل کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ
بحری قوت اور جنگی تیاریوں کے ایک شاندار مظاہرے کے دوران پاک بحریہ اور
پاک فضائیہ نے شمالی بحیرۂ عرب میں لانگ رینج اینٹی شپ کروز میزائل کی
کامیاب فائرنگ کی۔
ترجمان پا ک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی
نے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کے ہمراہ پاکستان نیوی کے
بحری جہاز پی این ایس نصر سے لائیو ویپن فائرنگ کا شاندار مظاہرہ دیکھا۔
میزائل فائرنگ کا یہ مظاہر ہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے جے ایف17تھنڈر اور
پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس سیف سے کیا گیا جو ایک کثیر المقاصد
ایف-22پی فریگیٹ ہے۔
پاک بحریہ کے لاجسٹک سپورٹ جہاز پی این ایس نصر آمد پر چیف آف دی نیول
اسٹاف نے سربراہ پاک فضائیہ کا خیر مقدم کیا۔ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی
جانب سے میزائل فائرنگ کا یہ مشترکہ مظاہرہ بحری مشق رباط۔18کے اختتامی روز
کیا گیا۔ اس بحری مشق کا بنیادی مقصد ابھرتے ہوئے کثیر الجہتی خطرات کے
تناظر میں جنگی تصورات اور طریقہ کار کی جانچ کرنا تھا۔ مشق کا اہم ترین
پہلو جے ایف17 ٹھنڈرڈسے فضا سے سطح سمندر پر مار کرنے والے سی 802 اے کے
میزائل اور پی این ایس سیف سے سطح سمندر سے سطح سمندر پر مارکرنے والے
سی802میزائل کی فائرنگ کا مظاہرہ تھا۔
دونوں پلیٹ فارمز سے فائر کیے جانے والے میزائلوں نے اپنے اپنے اہداف کو
پوری کامیابی سے نشانہ بنایا جو نہ صرف اس ویپن سسٹم کی افادیت کی واضح
دلیل ہے بلکہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مابین سمندر اور فضاء کے درمیان
مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان کے مطابق اس اہم موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی
نے پاکستان نیوی فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور
فرض کی ادائیگی میں افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت ، لگن اور عزم
و حوصلے کی تعریف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ایک مضبوط اور مستحکم قوت بن چکی ہے جو ملک
کے بحری مفادات کے تحفظ اور بحر ہند میں اپنے بین الاقوامی فرائض کی کما
حقہ ادائیگی کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔