اسلام آباد، دنیا بھر کی طرح آج پاکستان میں بھی ذیابطیس کا عالمی دن منایا جارہا ہے
دنیا بھر کی طرح آج پاکستان میں بھی ذیابطیس کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ ذیابطیس کے دن کے موقع پر آج مختلف مقامات پر مذاکرے، سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔
پمپز ہسپتال اسلام آباد میں ڈاکٹروں کی جانب سے ذیابطیس کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار میں ماہرین طب نے ذیابطیس کے حوالے سے سیر حاصل روشنی ڈالتے ہوئے مرض کو قابو میں رکھنے کیلئے مفید رہنمائی فراہم کیں۔
واک میں ڈاکٹروں کی بڑی تعداد کے علاوہ خواتین نرسز نے بھی شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے ذیابطیس کے حوالے سے مزین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
سیمینار میں شریک پمز ہسپتال کے ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح یہاں پر بھی ہر سال ذیابطیس کے عالمی دن کو منایا جاتا ہے۔ اس دن ہم مریضوں میں شعور بیدار کرتے ہیں اور تجویز کرتے ہیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد واک اور کثرت کریں۔ مناسب غذا کی مقدار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے جو کہ بہت مفید ہے۔
ایک اور ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ چودہ نومبر کو ذیابطیس کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ بنیادی طور پر یہ ایسا دن ہوتا ہے کہ مریض کو شعور دینے کیلئے ہم اسے ایک ٹول کے طور پر استعمال کرتے ہیں، ذیابطیس کے مرض کو لے کر ڈپریشن کی طرف جانا نقصان دہ ہے، شوگر کا مریض مستقل کثرت کرے اور ڈائٹ کو قابو میں رکھ کر مرض کو کنٹرول میں رکھا جاسکتا ہے۔ میٹھی چائے، چاول وہ پھل جن میں زیادہ کاربو ہائیڈریٹز ہیں ان سے اجتناب برتا جانا چاہیے جبکہ اس خوراک کو ترجیح دینی ہوگی جس میں فائبر میٹریل زیادہ ہوں۔