div>بھارتی پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ میں جب پاکستان
میں آیا تھا تو سب سے پہلے بابا نانک کے نظریئے کے مطابق میں نے بات چیت کا
آغاز کیا تھا۔
کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہماری جھولیاں بھردیں اور میں اس اہم سنگ بنیاد پر ان کا شکر گزار ہوں۔
انہوں
نے کہا کہ 73 سال کے بعد یہ دن دیکھنا نصیب ہوا ہے، پاکستان نے سرحد کھول
کر پوری کائنات ہماری جھولی میں ڈال دی۔ امن اور مستقبل کو تبدیل کرنے کے
لیے سوچ بدلنا پڑے گی۔ مذہب کو کبھی سیاست یا دہشت گردی کی نظر سے نہ دیکھا
جائے، خون خرابہ کا بند ہو کر امن واپس آنا چاہیے۔
بھارتی وزیر کا
کہنا تھا کہ بہت نقصان ہوگیا، بہت خون خرابہ ہوگیا، کوئی اس آگ کو مٹانے
والا ہونا چاہیے۔ کرتارپور راہداری کے کھلنے سے لوگوں کے دل ملیں گے اور
مستقبل میں یہ راہداری دلوں اور ذہنوں کا ملاپ بن سکتی ہے۔
نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنا وعدہ نبھایا اور اب دونوں حکومتوں کو احساس ہونا چاہیے کہ اب آگے بڑھنا ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ جب بھی کرتار پور راہداری کی تاریخ لکھی جائے گی، عمران خان کا نام لکھا جائے گا۔