سعودی صحافی جمال خاشقجی کا قتل: کینیڈا کی بھی 17 سعودی شہریوں پر پابندیاں
کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پابندیوں کا ہدف ان سعودی شہریوں کو بنایا گیا ہے جو کینیڈا کی حکومت کے خیال میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے ذمہ دار یا ملوث ہیں۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ کے بیان کے مطابق پابندیوں کا سامنا کرنے والے سعودی شہریوں کے ملک میں اثاثے کو منجمد کر دیا جائے گا اور ان کے ملک میں داخلے پر پابندی ہو گئی۔
وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ کے بیان کے مطابق سعودی صحافی جمال خاشقجی کا قتل نفرت انگیز ہے اور تمام انفرادی شخصیات کی آزادی رائے پر ناقابل جواز حملہ ہے۔ خاشقجی کے قتل میں ملوث افراد کو لازمی انصاف کے کٹہرے میں لانا ہو گا۔‘
کینیڈا کی جانب سے سعودی شہریوں پر پابندیوں کا اعلان ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں جی 20 کا سربراہی اجلاس شروع ہو رہا ہے جس میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان بھی شرکت کر رہے ہیں۔
کینیڈا سے پہلے فرانس، امریکہ اور جرمنی سعودی صحافی کے قتل کے بعد ٹارگٹڈ پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔
تاہم سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان ان 17 سعودی شہریوں میں شامل نہیں ہیں جن پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔