کراچی: دو سے تین دن میں ڈالر کی قدر کم ہو جائے گی: فیصل واوڈا
کراچی میں آئیڈیاز نمائش میں شرکت کے بعد گورنر پنجاب چوہدری سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے میڈیا سے گفتگو کی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آئیڈیاز نمائش پر پوری دنیا کی نگاہیں تھیں، آئیڈیاز بہت بڑا ایونٹ تھا جو اچھے طریقے سے مکمل ہوا۔عمران اسماعیل نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان ہوچکا، سکھر میں ڈیٹا جمع کیا جارہا ہے، سندھ حکومت کے منصوبوں میں ساتھ مل کر چلنے میں کیا برائی ہے، سندھ حکومت اور وفاق منصوبے میں ساتھ چلیں گے تو منصوبےجلد مکمل ہوں گے،گورنر سندھ کا وزیراعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایماندار اور دلیر شخص قائداعظم کے بعد اب آیا ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ گورنر سندھ کی دعوت پر آئیڈیاز میں شرکت کی، آئیڈیاز نمائش پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے، یہ کامیاب ترین نمائش تھی۔ پاکستان میں 11 لاکھ افراد گندا پانی پینے سے موت کا شکار ہوجاتے ہیں، پاکستان کی تمام جیلوں میں قیدیوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے۔چوہدری سرور نے مزید کہا کہ تاریخ میں یہ پہلی حکومت ہے جس نے خود کو عوام کے سامنے احتساب کے لیے پیش کیا،
اس موقع پر وفاقی وزیر فیصل واووڈا کا کہنا تھا کہ ملک میں بلیک مارکیٹ موجود ہے، جس کو کنٹرول کرنے میں وقت لگے، دو سے تین دن میں ڈالر کی قدر کم ہو جائے گی۔