کراچی، ایم کیو ایم اٹھارویں ترمیم پالیسی کے حوالے سے نظرثانی پر مجبور ہوسکتی ہے،عامر خان
متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اٹھارویں ترمیم پالیسی کے حوالے سے نظرثانی پر مجبور ہوسکتی ہے۔ دیہی اور شہری خلیج میں اضافہ ہورہا ہے۔
ایم کیو ایم کے عارضی مرکز میں رابطہ کمیٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری اسکول اور کالجز بدحالی کا شکار ہیں، اٹھارویں ترمیم کی منظوری کے بعد سندھ کی جامعات باالخصوص جامعہ کراچی کی گرانٹ نہ ہونے کے برابر کردی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فیصلے دیہی سندھ کی قیادت کی جانب سے شہری سندھ پر مسلط کئے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں دیہی اور شہری خلیج مزید گہری ہوتی جارہی ہے اور اس سے احساس بیگانگی شدید تر ہوتا جارہا ہے۔
عامر خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہی وہ اقدامات ہیں جن کو سامنے رکھتے ہوئے ایم کیو ایم اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے پالیسی پر نظرثانی پر مجبور ہوسکتی ہے۔