لاہور، اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت دینے سے دس ارب ڈالر کی ترسیلات زر بڑھ سکتی ہے، وزیر اعظم
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر گرنے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ جاری کھاتوں کے خسارے کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت دینے سے دس ارب ڈالر کی ترسیلات زر بڑھ سکتی ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں دس ارب ڈالر کی سالانہ منی لانڈر نگ ہوتی ہے، منی لانڈرنگ کے خلاف قانون لارہے ہیں، سعودی عرب ،یو اے ای اور چین سے مثبت ردعمل ملا۔سرمایہ کار وہیں آتا ہے جہاں اسے فائدہ ہوتا ہے۔
وزیرا عظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشکل حالات سے نبٹنے کیلئے چار بنیادی اقدمات اٹھارہے ہیں۔ برآمدات میں اضافے کیلئے برآمد کنندگان کو سہولت دیں گے، حلال گوشت کی مارکیٹ دو ہزار ارب ڈالر کی ہے، پاکستان کا حلال گوشت کی مارکیٹ میں کوئی حصہ نہیں۔غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملک ترقی کرے گا، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھ گئی ہے۔