لاہور، نیوٹیک کے تحت پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر لاہور میں ہنر مندی کے مقابلوں کا انعقاد
نیوٹیک کے تحت پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر لاہور میں ہنر مندی کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈائریکٹر جنرل پٹاک عرفان ظہیر، ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم اور سابقہ صدر فلاحت عمران کے علاوہ مختلف صنعتکاروں، تربیتی اداروں کے سربراہان اور نوجوان طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریفریجریشن اینڈ ایئر کنڈیشنگ ٹریڈ میں فیصل رضا، آٹو مکینک ٹریڈ میں الطاف حسین، ویلڈر ٹریڈ میں ارسلان انجم، ڈرائیونگ ٹریڈ میں محسن رضا، کوکنگ ٹریڈ میں نوشن مبشر، میسن ٹریڈ میں عبدالحمید، انڈسٹریل الیکٹریشن ٹریڈ میں محمد خان، پلمبر ٹریڈ میں ظہیر علی، ڈریس میکنگ ٹریڈ تنزیلہ مختار اور بیوٹیشن ٹریڈ میں شمائلہ رضا نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا علیٰ پنجاب کے مشیر برائے لائیو اسٹاک فیصل حیات جبوانہ کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، اس ملک کی ترقی اب نوجوانوں پر ہی منحصر ہے۔ آج کا دن میرے لئے بہت اہم ہے کیونکہ میں نیوٹیک کے تربیت یافتہ ہنر مند نوجوانوں سے مخاطب ہوں۔
انہوں نے کہا نوجوان نسل کو فنی تعلیم کی جانب راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ خاص کر ان نوجوانوں کو جو عمومی تعلیم چھوڑ چکے ہیں۔
فیصل حیات نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں انڈسٹری کلیدی کردار رکھتی ہے اور انڈسٹری ہند مند نوجوانوں کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔
مقابلے میں حصہ لینے والی ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے کام پر بہت زیادہ اعتماد ہے، اس حساب سے میں پوزیشن حاصل کرسکتی ہوں کیونکہ ججز کو بھی میرا کام بہت پسند آیا ہے۔ اس طرح کے مقابلے متواتر ہوتے رہنا چاہئیں تاکہ لوگ اس میں حصہ لیتے رہیں اور اپنا ہنر دکھاسکیں اور اس میں کامیابی حاصل کرسکیں، کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنا ہنر نہیں دکھاسکتے، یہ پلیٹ فارم بہت سودمند ہے۔
ہنر مقابلے میں شریک اقراء نظرکا کہنا تھا کہ ہنر مقابلے میں حصہ لے کر بہت اچھا لگ رہا ہے، ہم نے جو سیکھا ہے دکھارہے ہیں۔ اتنے سارے لوگوں کے ساتھ کام کرکے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔