Dec 04, 2018 08:43 pm
views : 473
Location : Domestic Place
Karachi- Senior Analyst Agha Masood Interview
کراچی، قبل ازوقت انتخابات کی باتیں محض شوشہ ہے، آغا مسعود
سینئر صحافی اور معروف تجزیہ کار آغا مسعود کا کہنا ہے کہ ملک میں قبل از وقت انتخابات سے متعلق وزیر اعظم عمران خان نے محض شوشہ چھوڑا ہے، اس کا حقیقت سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ انتخابات کرانے کیلئے تقریباً بائیس تئیس ارب روپے درکار ہوتے ہیں، پاکستانی معیشت میں اتنی جان ہی نہیں ہے کہ فوری مڈٹرم انتخابات کی تیاری کرے اور کس کیلئے انتخابات کی تیاری کریں، کیا وجہ ہے۔
آغا مسعود نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ عمران خان شوشہ چھوڑنے میں ماہر ہیں، شوشہ چھوڑ کر تماشہ دیکھتے ہیں کہ حزب اختلاف کی جماعتیں کیا کہہ رہی ہیں، کیا سوچ رہی ہیں، قبل ازوقت انتخابات نہیں ہوں گے یہ صرف ایک قسم کا لالی پاپ ہے، وزیر اعظم عمران خان اپنی طرز حکمرانی پر توجہ مرکوز کریں ،ان کیلئے سب سے بڑا چیلنج اقتصادی ومعاشی بحالی ہے اس کو بہتر کرنے کی کوشش کریں، اس طرح کے شوشے چھوڑنے سے لوگوں کی حقیقی مسائل سے توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔ عام آدمی کے حالات ٹھیک نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں آغا مسعود کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کو باقاعدہ خوفزدہ کرتے آئے ہیں تاہم ان کے موقف میں تبدیلی آئی ہے۔ افغانستان کی جنگ کو سترہ برس بیت گئے ہیں، جس پر ایک ٹریلین امریکی ڈالر خرچ ہوگئے، اتنی بڑی رقم سے کئی ملک آباد ہوجاتے ہیں، ان کی معیشت بھی کمزور ہورہی ہے، چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ کمزور پڑتا جارہا ہے، ٹیرف میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، نرم رویہ اختیار کرکے عمران خان نے مناسب جواب دیا ہے۔ اس حوالے سے زلمے خلیل امن عمل کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔ افغانستان میں امن قائم ہونا چاہیے، افغانستان میں امن قائم ہوگا تو پاکستان میں امن قائم ہوگا، دہشت گرد وہیں سے آتے ہیں اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرتے ہیں، پاکستان پرامن افغانستان کا خواہاں ہے۔ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔