Dec 04, 2018 09:22 pm
views : 473
Location : Domestic Place
Islamabad- Student of Kashmir Organizes Seminar
اسلام آباد، اسٹوڈنٹس آف کشمیر کے زیراہتمام کشمیری خاتون لیڈر کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سیمینار کا انعقاد
اسٹوڈنٹس آف کشمیر کے زیراہتمام کشمیری خاتون لیڈر کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے سابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر اور تحریک نوجوانان پاکستان وکشمیر کے رہنما عبداللہ گل نے بھی خطاب کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ آسیہ اندارابی جیسے باہمت لوگ صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں،آسیہ اندارابی صاحبہ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،لاکھوں کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے شہید ہو چکے ہیں۔پاکستان کو جو کردار ادا کرنا چاہئیے تھا وہ کردار ادا نہیں کیا گیا۔بھارت جو بھی ہتھکنڈے استعمال کر لے کشمیریوں کے دلوں سے آزادی کا جذبہ ختم نہیں کر سکتا،پاکستان میں بھارت کے ساتھ تجارت کی باتیں کرنے والوں کو شاید پاکستان اور کشمیر کے خلاف بھارتی عزائم کا اندازہ نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مذاکرات کی میز پر آ کر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرے گا۔بھارت پر عالمی دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے۔آسیہ اندارابی صاحبہ نے مجھے کہا کہ پاکستان ہمیں سب سے زیادہ عزیز ہے،آسیہ اندارابی صاحبہ کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ سیاست سے بالاتر ہے،تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر ایک ہی مؤقف رکھتی ہیں۔تمام سیاسی جماعتوں کا مقصد کشمیر کی آزادی اور حریت قائدین کی ہر ممکن مدد ہے۔تحریکوں میں جب نوجوان اور خواتین شامل ہو جائیں تو تو پھر وہ تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو جاتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فورسز کشمیر میں بیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے،پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی کے پلیٹ فارم پر کشمیر میں بیلٹ گن کا استعمال روکنے کیلئے اقدامات کرے۔کشمیر کی تحریک آزادی کشمیریوں کی اپنی تحریک ہے۔برہان وانی جیسے نوجوان اور آسیہ اندارابی جیسی باہمت خواتین تحریک آزادی کو لیڈ کر رہی ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
سیمینار میں شریک تحریک نوجوانان پاکستان وکشمیر کے رہنما عبداللہ حمید گل کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے جس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کیا ہے،کشمیری مہاجرین کو مہاجر کہنے کی بجائے ہیرو کا لقب دیا جائے۔ریاست جموں کشمیر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیلئے جہاد کا اعلان کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں الیکشن کا بھارتی ڈرامہ مکمل طور پر فلاپ ہوا ہے،جس دن اسلام آباد آزاد ہو گا اس دن کشمیر آزاد ہو جائیگا۔