کراچی، ہیلمٹ کے بغیر پیٹرول ملنا ہوا دشوار
موٹر سائیکل سواروں کو اب بغیر ہیلمٹ پہنے پیٹرول ملنا دشوار ہوگیا ہے۔ سندھ حکومت کے محکمہ پولیس نے ٹریفک قوانین کی پاسداری کیلئے انوکھی ریت نکال لی جس کے بعد اب پیٹرول پمپس پر موٹر سائیکل سواروں کو لازمی طور پر ہیلمٹ پہننا پڑے گا بصورت دیگر پیٹرول نہیں دیا جائے گا۔
آئی جی سندھ کلیم امام کا موقف ہے کہ ہم تجرباتی طور پر اس مہم کو تین تلوار سے دو تلوار تک لاگو کررہے ہیں۔ بہت جلد ہی اس کا پورے کراچی میں نفاذ کیا جائے گا۔
پیٹرول پمپ پر پیٹرول ڈلوانے کیلئے آنے والے ایک نوجوان محمد جنید کا کہنا تھا کہ میں پیٹرول ڈلوانے آیا تھا میں نے ہیلمٹ نہیں پہنا جس پر مجھے پیٹرول نہیں دیا جارہا، اس کا مجھے برا تو لگا تاہم حکومت کا یہ اچھا اقدام ہے، عوام میں عقل وشعور پیدا کرنے کیلئے پیٹرول پمپ والے پیٹرول نہیں دے رہے، ہیلمٹ ایک سیفٹی بھی ہے، سڑکوں پر آئے روز حادثات ہوتے رہتے ہیں جس سے بچاؤ کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کیلئے ایسا ہورہا ہے۔
پیٹرول پمپ پر ملازمت کرنے والے سلطان ضیاء کا کہنا تھا کہ پولیس حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر ہیلمٹ کے پیٹرول دینا بند کردیا جائے اور اگر بغیر ہیلمٹ والے موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول دیا گیا تو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بغیر ہیلمٹ کے آنے والے موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول نہ دینے سے کاروبار تو ضرور فرق پڑ رہا ہے۔