Dec 06, 2018 05:29 pm
views : 419
Location : National Press Club
Islamabad- PPP Senator Sherry Rehman Press Conference
اسلام آباد،کیا عمران خان دھکا سٹارٹ سے اس ملک کا نظام چلائیں گے؟شیری رحمان
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو معلوم ہی نہیں کہ وہ وزیر اعظم ہیں۔ ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، کیا وہ دھکا سٹارٹ سے اس ملک کا نظام چلائیں گے؟کیا وہ صدارتی نظام لانا چاہتے ہیں اٹھارہویں ترمیم کے بعد صدراتی نظام ہنگامی حالات میں ہی لایا جاسکتا ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ انہیں ٹی وی پر ڈالر کی قیمت بڑھنے کا پتا چلا، انہیں یاد دہانی کرانی پڑتی ہے کہ وہ اس ملک کے وزیر اعظم ہیں۔
پیپلزپارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ اقتدار کے نشے میں یہ لوگ بھول گئے ہیں کہ سینیٹ میں ان کی اکثریت نہیں ہے،100 روز میں صرف ڈالر کی قیمت میں ہی اضافہ ہوا، ان سے پہلے سو روز میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی قائم نہیں ہو سکی۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، پچھلی حکومت میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا تو پی ٹی آئی نے ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا، گزشتہ 100 روز میں انڈوں، مرغیوں اور بھینسوں کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی،ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے پارلیمان کو اکھاڑا بنا دیا ہے، دونوں ایوانوں کے بے توقیر کیا ہے،صدارتی آرڈیننس کی بات کر کے پارلیمان کو مفلوج کیا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ وی آئی پی کلچر پہ یقین نہیں رکھتے لیکن حکومتی ارکان جہازوں میں آ جا رہے ہیں، آٹھ آٹھ گاڑیوں کے قافلے لے کر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں نیچے آئی لیکن عوام تک ان کے ثمرات نہیں پہنچے۔